کراچی واٹر کارپوریشن کےواجبات ادا نا کرنے والے اداروں کیخلاف سخت کارروائی کی تیاری

548
Water for Peace

کراچی:  کراچی واٹر کارپوریشن نے نجی اداروں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ساتھ وفاقی اور صوبائی اداروں سے واجبات کی وصولی کے لئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

سرکاری اداروں نے واٹر کارپوریشن کا پانی اور سیوریج سسٹم استعمال تو کیا مگر بل دینا بھول گئے۔ وفاقی اور سندھ حکومت کے مختلف اداروں پر واٹر کارپوریشن کے اربوں روپے واجب الادا ہیں۔

واٹرکارپوریشن نے وجبات کی ادائیگی کے لئے دونوں حکومتوں کو گزشتہ کئی برس سے یاد دہانی کے خطوط بھیجتی رہی ہے لیکن سرکاری اداروں کے سربراہوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔

واٹر کارپوریشن نے واجبات ادا نہ کرنے والے سرکاری اداروں کے پانی اور سیوریج کنکشن منقطع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے نجی اداروں اور ہاوسنگ سوسائیٹیز کے ساتھ ساتھ اب سرکاری اداروں پر واجب الادا اربوں روپے کے واجبات وصول کرنے کے لئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ آر آر جی کی جانب سے وفاقی اور صوبائی اداروں کو واجبات کے فوری ادائیگی کے لئے خطوط بھیجے گئے ہیں جس میں واٹر کارپوریشن کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا ہے۔ کہ واٹر کارپوریشن کے واجب کی عدم ادائیگی کی صورت میں پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے جائیں گئے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی ادارے واٹر کارپوریشن کے 2 ارب 35 کروڑ 53 ہزار 884 روپے کے نادھندہ ہیں، اسی طرح سندھ کے صوبائی ادارے واٹر کارپوریشن کے 1 ارب 31 کروڑ 39 لاکھ 62 ہزار کے مقروض ہیں جبکہ کے ایم سی کے مختلف محکموں پر واٹرکارپوریشن کے 1 ارب 7 کروڑ 62 لاکھ 70 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔

ذرائع کے مطابق کنٹومنٹ بورڈ کو واٹر کارپوریشن کے 46 کروڑ 35 لاکھ 20 ہزار کے واجبات ادا کرنے ہیں۔کراچی یونیورسٹی کو واجبات کی مد میں واٹرکارپوریشن کو 40 کروڑ 24 لاکھ 90 ہزار ادا کرنے ہیں۔ پاکستان ریلوے پر واٹر کارپوریاشن کے 25 کروڑ 98 لاکھ 50 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔

کے ایم سی کے محکموں پارکس،عباسی شہید اسپتال، انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزز، کارڈیک ایمرجینسی اسپتال، زلفقارآباد آئل ٹرمینل اور سلاٹر ہاوس پر واٹرکارپوریشن کے 1 ارب 7 کروڑ 62 لاکھ 70 ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ اسی طرح سائٹ لیمٹڈ کو واجبات کی مد میں 1 ارب 24 کروڑ 11 لاکھ 42 ہزار، پاک سوئس ڈش کو 43 لاکھ 54 ہزار، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کو 29 لاکھ 28 ہزار روپے ادا کرنے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ اداروں نے گزشتہ دس سال سے زائد عرصے سےنا ہی پانی کا بل ادا کیا اور نا ہی سیوریج کے بلز ادا کیے جبکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کے لئے بھیجے گئے خطوط کا جواب دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف اسٹل مل پر واٹر کارپوریشن کے 10ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو واجبات کی فوری ادائیگی کے لئے فائنل نوٹس جاری کردیاواجبات ادا نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔