الخدمت کی غزہ میں امدادی سرگرمیاں جاری ،اہل کراچی ساتھ دیں، نوید علی بیگ

566

کراچی:چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت پاکستان کی جانب سے غزہ ( فلسطین ) میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور وہاں الخد مت اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کر رہی ہے۔اس کام کیلئے الخدمت مختلف پارٹنر فلاحی تنظیموں کی مدد حاصل ہے۔

نوید علی بیگ  نے کہا کہ اس وقت فلسطین کی صورتحال سنگین ہے، اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں یومیہ سینکڑوں شہادتیں ہو رہی ہیں ۔ پینے کے پانی، خوراک اور ادویات کی قلت ہے ۔لاکھوں لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور اور کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار موجود ہیں جبکہ اسرائیل کی  جانب سے مسلسل بمباری جارہی ہے ۔

انہوں نے کہااسرائیلی فوج کی جانب سے اب اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ نوید علی بیگ نے کہا فلسطین کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے ۔ جنگ کے نتیجے میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے ۔الخدمت کے رضاکار زخمیوں کو نہ صرف طبی امداد فراہم کر رہے ہیں بلکہ انہیں خوراک اور صاف پانی اور دیگر سامان بھی پہنچا رہے ہیں ۔

انہوں نے اہل پاکستان خصوصا اہل کراچی سے اپیل کی کہ وہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آئیں اور نقد عطیات الخدمت کو دیں ۔