نگراں وزیراعظم کی چین میں روسی صدر سے ملاقات

403

بیجنگ: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی چین میں روسی صدر ولادیمیرپیوٹن سے ملاقات ہوئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق نگراں وزیراعظم چین کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی دارالحکومت بیجنگ میں روسی صدر سے اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات چین میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی جہاں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا استقبال کیا۔

 

دونوں رہنماوٴں نے علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے خطے میں رابطہ کاری کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا جب کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ خطے کی معاشی ترقی کیلیے سلامتی یقینی بنانا ضروری ہے، عالمی سطح پر غذائی تحفظ کیلیے روس اقدامات کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس نے غریب ترین افریقی ممالک کو مفت اناج کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے۔روسی صدر نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلیے پاکستان اور روس یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ افغانستان میں امن و استحکام کیلیے بھی دو طرفہ تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان توانائی کے شعبے میں روسی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرنے کا منتظر ہے۔