فلسطین میں صورتحال بگڑی تو ہم خاموش تماشائی نہیں رہیں گے، ایران

516

تہران:ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسرائیل کو  خبردار کیا ہے کہ فلسطین میں صورتحال بگڑی تو ہم خاموش تماشائی نہیں رہیں گے، امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کرر ہا ہے،  جس کی وجہ سے اسرائیل فرعون بن کر ظلم ڈھا رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ دس سے بارہ دنوں کی جنگ نے واضح کردیا کہ اسرائیل تنہا  یہ جنگ نہیں جیت سکتا ،  امریکا اگر اسرائیل کی مدد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹا تو ہم بھی جنگ میں شامل ہوجائینگے،ہم نے جنگ میں حصہ لیا تو اسرائیل کے ایوان لرز اٹھیں گے۔

حسین امیر عبداللہیان کا کہنا تھا کہ  ابھی کئی صیہونی بستیاں القسام کی گرفت میں ہیں، اسرائیل نے اپنا راستہ نہ بدلا تو مزاحمتی تحریکیں خطے کا نقشہ بدل دیں گی، غزہ جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو امریکا کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اسرائیل اگر اپنی ہٹ دھرمی پر آڑا رہا تو اسرائیل کے حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں،  اسرائیل کیلئے آنے والے گھنٹوں میں صورتحال بہتر کرنے کا ایک اور موقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملہ کیا تو کوئی صورت حال قابو کرنے کی ضمانت نہیں دے سکے گا، غزہ میں پانی، خوراک اورادویات کی سپلائی بند کرنے پر اظہار افسوس ہے۔