اسلام آباد: نگراں وزیراعظم نے پیٹرول سستا ہونے کے بعد اشیا کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد متعلقہ اداروں کو پرائس کنٹرول میں سختی لا کر اشیا کی قیمتوں میں کمی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
اپنے پالیسی بیان میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں، جس کے بعد میں نے وفاقی اور صوبائی حکام کو ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کے ذریعے اشیا کی قیمتیں کم کرنے اور پرائس کنٹرول کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ میں تمام وزرائے اعلیٰ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خور و نوش سمیت تمام اشیائے ضروریہ اور خدمات کی قیمتیں کم کرنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا مکمل فائدہ ملک کے عوام کو منتقل کیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کی پوری توجہ ہونی چاہیے کہ پرائس کنٹرول پر کس طرح سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکتا ہے۔