اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کی درخواست پر جلد سماعت کیلئے مقرر کی گئی متفرق درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہ ہوا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست پہلے ہی 25 اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر ہے، رجسٹرار آفس کا رول ہے، کیس 25 اکتوبر کو ہی سنا جائے گا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا، دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ 5 اکتوبر کو سماعت ہوئی تو عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کئے، عدالت نے درخواست کو 2 ہفتوں میں دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کا کہا۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست کو 25اکتوبر کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ۔ استدعا ہے کہ درخواست کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔