لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین کے تحت ملک گیر مظاہروں کا انعقاد ہوگا۔ قوم ثابت کرے گی کہ وہ اہل فلسطین کے ساتھ ہے۔ علما کرام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حالیہ تناظر میں عوام میں بیداری پیدا کریں۔
سراج الحق نے کہاکہ مساجد میں غزہ کے مظلوموں کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا جائے ۔ عوام جماعت اسلامی کے تحت نکالے جانے مارچز میں شرکت یقینی بنائے۔ بچے، خواتین بھی پیچھے نہ رہیں، غزہ کی مائیں بہنیں اور معصوم بچے امت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کے حکمران اور خصوصی طور پر پاکستان اور اہل عرب کو فلسطین اور مسجد اقصی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، فلسطینی عوام نے انہیں موقع فراہم کردیا، اسے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ یورپ کے کئی ممالک اور امریکا کھلم کھلا اسرائیلی جارحیت کی حمایت کررہا ہے، مسلمان حکمران بھی کھل کر آگے آئیں، فلسطین کی عوام اپنے حق کے لیے لڑ رہی ہے، بین الاقوامی قوانین کے تحت انہیں آزادی کے لیے جدوجہد کا حق حاصل ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے 23لاکھ مسلمانوں کا محاصرہ کررکھا ہے، وہاں خوراک، پانی، بجلی تک کی فراہمی بند ہے، صیہونی اقدام کھلی جارحیت ہے، عالمی برادری اس پر آنکھیں بند رکھے گی تو پونے دوارب مسلمانوں میں اشتعال پیدا ہوگا۔
سراج الحق نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ فوری طور پر غزہ میں لاکھوں لوگوں کو خوراک، میڈیکل سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ صیہونی فورسز سے اس کا محاصرہ ختم کرایا جائے، عالمی اداروں کو امدادی کارروائیوں کی اجازت دی جائے۔ اسلامی ممالک کے حکمران دلیرانہ مقف اختیار کریں، انھیں امت کے جذبات کی ترجمانی کرنا ہو گی۔