اسلامی ممالک کے حکمران غیرجانبداری اختیار کرنے کے بجائے اپنا فرض ادا کریں، سراج الحق

501
happiness

کراچی:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے فیصلہ کن لمحات آ پہنچے، عالم اسلام یہ موقع ضائع نہ کرے۔ لاکھوں فلسطینیوں نے قربانیوں کی عظیم داستانیں رقم کر کے حریت کی شمعیں روشن کیں اور گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو خاک میں ملا دیا۔

سراج الحق نے کہاکہ   اسلامی دنیا کے حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ موجودہ حالات میں خاموشی یا غیرجانبداری اختیار کرنے کی بجائے اپنا وہ فرض ادا کریں جو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی کی حیثیت سے ان پر عائد کیا گیا ہے، انھیں خواب غفلت سے جاگنا ہو گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔ بنیادی انفراسٹرکچر اور شہریوں کو پانی کی فراہمی تک کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دیے جائیں، جماعت اسلامی ہی کراچی میں امن و ترقی واپس لا سکتی ہے، ہماری شہر کے لیے عظیم خدمات کی مثالیں قائم ہیں۔

سراج الحق نے فلسطین فنڈ کے قیام کا اعلان کیا اور پاکستانیوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انھوں نے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پاکستانی قوم قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔