واشنگٹن: ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ فشار خون کی دوا کسی چوٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والے سر کے درد میں کمی لا سکتی ہے۔
امریکا میں طبی ماہرین کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق کے نتائج سے اندازہ ہوا ہے کہ بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) کے علاج کی دوا، کسی حادثے کی وجہ سے ہونے والے سر کے درد کو روکتی ہے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقی مطالعے کے سینئر مصنف، VA نارتھ ویسٹ مینٹل النیس ریسرچ، ایجوکیشن اینڈ کلینیکل سینٹر کے ڈائریکٹر مورے رسکینڈ نے وضاحت کی کہ حادثے کے بعد اس قسم کے سر درد کے علاج کے چند اختیارات موجود ہیں۔ کسی جسمانی چوٹ کے بعد سر درد سابق فوجیوں اور فعال ڈیوٹی سروس کے ارکان میں ہلکی تکلیف دہ دماغی چوٹوں کا سب سے عام طویل مدتی نتیجہ ہے جس سے گھر اور کام میں کافی پریشانی اور مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
ایف ڈی اے نے 1976 میں ہائی بلڈ پریشر کے علاج کے لیے پرازوسن کی منظوری دی تھی۔ اسے پی ٹی ایس ڈی سے وابستہ ڈراؤنے خواب اور بڑھا ہوا پروسٹیٹ جیسی بیماریوں کے علاج کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ ریسرچ گروپ کے ممبران کی طرف سے پہلے کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ پرازوزن نامی دوا دماغی چوٹ (ٹی بی آئی) کی وجہ سے ہونے والے سر درد کو کم کر سکتی ہے۔