مریم نواز کی غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت ،فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

485
no talks

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت اور فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب فوج کے خلاف اپنی آزادی کے لئے لڑنا فلسطینیوں کا حق ہے، ظالم و غاصب کے خلاف مظلوم کا ساتھ دینا ہی انصاف ہے، عالمی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو ریاستی حل کے سمجھوتوں کی دھجیاں اڑانے والی غاصب فوج موجودہ حالات کی ذمہ دار ہے۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل نسل کشی اور ریاستی دہشت گردی کے مجرم ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے بارے میں عالمی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے سے ہی پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک فلسطینیوں کو خوراک اور امدادی اشیا کی فراہمی کے لئے کردار ادا کریں، عالمی ادارے تنازع کے پرامن اور منصفانہ حل کے لئے عملی کردار ادا کریں، انسانی جانوں کے مزید نقصان سے بچنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، پوری امت مسلمہ کی دعا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوں۔

مریم نواز  نے کہا کہ بہادر کشمیریوں اور فلسطینیوں کی قربانیوں سے آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، انہوں نے فلسطینی شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔