جماعت اسلامی کراچی بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی ظالمانہ قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے اور حکمرانوں، وزیروں، اعلیٰ افسران اور طبقہ اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات اور مفت بجلی و پٹرول ختم نہ کرنے، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف، اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق اور سنگین مسائل کے حل کے لیے آج سے امیر جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں دھرنا دے رہی ہے۔ اس ضمن میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ گورنر ہائوس پر دیا جانے والا دھرنا اہل ِ کراچی سمیت ملک بھر کے عوام کے دل کی آواز اور احساسات و جذبات کا ترجمان ہوگا۔ صرف جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے، اور ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑنے، معیشت تباہ کرنے اور مہنگائی بڑھانے والے حکمران ٹولے کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ شہر کے لوگوں کو چاہیے کہ وہ کراچی کے مسائل کو حل کرانے، حکومت پر دبائو ڈالنے اور اسے متوجہ کرنے کے لیے اس دھرنے میں شرکت کے لیے گھروں سے نکلیں، یہ شہر کراچی اور خود اْن کی اور اْن کے مستقبل کی ضرورت اور وقت کا تقاضا بھی ہے۔