لندن میں مظاہرے کرنیوالے پاکستان جاکر احتجاج کریں، نواز شریف

294
arrived

لندن: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ لندن میں مظاہرے کرنے والے پاکستان جاکر مظاہرے کریں۔

برطانیہ سے پاکستان واپسی سے قبل لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہاں میرے گھر اور آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے کرنے والوں کو 4 سال کے دوران مظاہروں سے کیا ملا؟ اگر مظاہرے کرنے ہی ہیں تو پاکستان جاکر کریں۔

انہوں نے برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران کوریج کرنے والے صحافیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے حق میں اور مخالفت میں لکھنے والے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔آج میرا دفتر میں آخری دن ہے، پھر میں یہاں سے روانہ ہو جاؤں گا۔

قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ معاشرے میں صحافت کا اہم کردار ہے۔ عوام صحافیوں کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں، غیبت، چغلی اور بہتان بازی سے صحافیوں کو پرہیز کرنا چاہیے۔  تنقید برائے تنقید کے بجائے تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے۔