پہلی پاکستانی نمیرا سلیم کو خلامیں پہنچنےکااعزازحاصل

673
reaching space

میکسیکو:  پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کر دی، انہوں نے خلا میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نمیرا سلیم گزشتہ دنوں امریکی کمپنی ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر سے خلا میں سفر کیلئے امریکا پہنچی تھیں۔ ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن گزشتہ روز نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔اس مشن پر نمیرا سلیم سمیت 3 سیاحوں نے سفر کیا جو کمپنی کے وی ایس ایس یونٹی اسپیس کرافٹ کے کیبن میں موجود تھے۔

نمیرا سلیم نے خلا پر روانگی سے قبل نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے ملاقات بھی کی تھی جس میں انہوں نے اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا تھا۔

نمیرا اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔انہوں نے 2006 میں ہی اس سفر کیلئے ٹکٹ بک کروالی تھی اور اب جا کر انہیں خلا میں جانے کا موقع ملا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نمیرا سلیم 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ نمیرا سلیم پاکستان کی پہلی خاتون بھی ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔