اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما عرفان صدیقی نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق مبہم خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی کا پروگرام طے شدہ ہے، اور اس میں کسی قسم کا کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔
مختلف خبر رساں اداروں میں نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق مبہم خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد نواز شریف پاکستان آنے سے قبل سعودی عرب جائیں گے، جہاں وہ عمرہ ادا کریں گے۔ اس کے بعد وہ یو اے ای میں کچھ قیام کریں اور پھر 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے پلان میں کوئی تبدیلی نہیں ہے بلکہ اس پروگرام کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔کسی مفاہمتی گروپ کی جانب سے ان کے واپس نہ آنے کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جو کہ غلط ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں نہ تو کوئی مفاہمتی گروپ ہے نہ مزاحمتی۔ نواز شریف کی واپسی سے متعلق سب افواہوں کی تردید کرتا ہوں ۔