اسلام آباد :مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وطن واپسی سے قبل 4اہم ممالک کا دورہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اپنی آمد کے ساتھ پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری لانے کے لئے بھی کوشاں ہیں، پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے انہوں نے 4اہم ممالک کا دورہ کرنے فیصلہ کیا ہے، آئندہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کا امکان ہے۔
نواز شریف سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات، چین اور ترکی کا دورہ کریں گے، وطن واپسی سے قبل وہ یہ دورے اپنی انتخابی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر نواز شریف کی وطن واپسی کی خبریں گردش کررہی ہیں، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے نواز شریف کو وطن واپسی ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے بعد کارکنان میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے کہ نواز شریف وطن واپس آئیں گے بھی یا نہیں؟