لاہور:نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے سفیر، چینی قونصل جنرل اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا بہترین ہمسایہ دوست اور سٹرٹیجک پارٹنر ہے، چین کی نمایاں کامیابیاں پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کیلئے قابل تقلید ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات نے وقت کی کسوٹی پر ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) ایک گیم چینجر ہے جو ہمارے دونوں ممالک کے عوام کو بے پناہ ثمرات فراہم کر رہا ہے، پاکستان اس منفرد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے، ہماری دعائیں اور خواہشات ہمیشہ چین کے عوام کے ساتھ رہیں گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ اس قومی دن کی صبح چینی عوام کیلئے دیرپا امن، خوشحالی لائے، پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔