لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے مہنگائی اور مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نواز شریف ہیں، قوم کے خوابوں کی تعبیر اور بحرانوں کا حل صرف نواز شریف ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت بھی نوازشریف کریں گے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت ماڈل ٹاون میں پارٹی کے پنجاب کے ڈویژنل، ضلعی صدور اور سیکریٹری جنرلز کا اجلاس ہوا، جس میں پارٹی قائد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں سینئر رہنما رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، یوتھ کوآرڈی نیٹرز اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز شریک ہوئے، مریم نواز نے قائد نوازشریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی اور عوام میں جوش و جذبے کا خیرمقدم کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ قوم کی امید نواز شریف ہیں، تعمیر و ترقی کی تعبیر نوازشریف ہیں، ہر وعدے کی تکمیل نوازشریف ہیں، پاکستان کی روشن تقدیر نوازشریف ہیں، عوام کو مہنگائی، مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نوازشریف ہیں، نوجوان کے روشن مستقبل اور ترقی کا ضامن نوازشریف ہے، مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نوازشریف دلاسکتے ہیں، قوم کے خوابوں کی تعبیر نوازشریف ہے، نوازشریف قوم کو متحد کرے گا۔
نائب صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ نوازشریف قوم کو ترقی کا وژن دیں گے، بحرانوں کا حل صرف نوازشریف ہے، دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نوازشریف کریں گے، چوتھی مرتبہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف ملک وقوم کے لیے تاریخی کردار ادا کریں گے، نوازشریف آئے گا، تعمیر، ترقی ، امن اور خوش حالی لائے گا۔
سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ، نواز شریف کی کوششوں سے ہی چین نے سی پیک کی صورت میں اس وقت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کوئی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھا۔
سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف کو حکومتی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نہ ہوتی۔
سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کو کام کرنے دیا جائے تو پاکستان سے مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہوجائیں گے، سابق وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ کارکنوں کا لہو گرمانے کے لیے مریم نواز اور حمزہ شہباز کل شاہدرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی چیف آرگنائزر مریم نواز اور سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف سرگرم ہو گئے ہیں۔
مریم نواز اور حمزہ شہباز آج اتوار سے لاہور میں جلسوں کا آغاز کریں گے، اتوار کو پہلا جلسہ شاہدرہ کے حلقہ این اے 123 میں شام 7 بجے ہو گا، جس سے دونوں راہنما خطاب کریں گے۔
نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں 7 عوامی اجتماعات کا اعلان کیا گیا ہے، ان اجتماعات کا مقصد نواز شریف کے 21 اکتوبر کے گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے جلسے کے لیے کارکنوں کو متحرک کرنا ہے ۔۔