ریلوے ٹریک کا پلر گر گیا، لاہور سے فیصل آباد ٹرین سروس معطل

894

لاہور: نہر کے اوپر بنائے گئے ریلوے ٹریک کا پلر گرنے سے لاہور سے فیصل آباد کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہدرہ اور مسن کالر کے درمیان ریلوے گزر گاہ کے لیے نہر پر بنائے گئے ٹریک کا پلر گر گیا، جس کی وجہ سے دونوں شہروں کے درمیان ٹرین سروس معطل کی گئی ہے۔

ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث لاہور سے کندیاں کے درمیان چلنے والی ماڑی ایکسپرس جبکہ فیصل آباد سے لاہور کے درمیان چلنے والی بدر اور غوری ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے جب کہ ٹریک بند ہونے کے باعث کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی قراقرم ایکسپریس کو ساہیوال کے راستے روانہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح، شالیمار ایکسپریس اور میانوالی ایکسپریس کے راستے بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے عملہ ٹیئر گرتے وقت معائنہ پر موجود تھا اور عملی کی بر وقت اطلاع پر ٹرین آپریشن فوری طور پر روکا گیا۔ پل کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، پل پر ٹریفک 72 گھنٹے میں بحال ہو جائے گی۔