رسول اکرمؐ کی سیرت طیبہ منقسم دنیا میں امیدکی شمع ہے، صدر، وزیراعظم کے پیغامات

727

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے  جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ رسول اکرمؐ کی سیرت طیبہ منقسم دنیا میں امید کی کرن ہے۔

اپنے اپنے پیغامات میں انہوں نے جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ  رسول اللہؐ کی سیرت ِطیبہ   میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات  بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے ۔

نبی اکرمؐ کی زندگی ہمدردی، رواداری اورمحبت کی ایک تابندہ مثال ہے۔ آپؐ کا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں، جس میں ہمیں احسان، انصاف اور صلہ رحمی کا درس ملتا ہے جو کہ آج کی منقسم دنیا میں امید کی شمع کی مانند ہے۔

حضرت محمدرسول اللہ ؐ کی ولادت ِباسعادت   تمام جہانوں کے لیے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے ۔ آپ کی بدولت انسانیت اللہ تعالی کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی ۔آپؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپؐ  کی زندگی اللہ تعالی کی اطاعت  ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت ومحبت کی مجسم  تصویر ہے۔

آپؐ کی تعلیمات  ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں۔ آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا  تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔ رسول اللہؐ کی  سیرت ِطیبہ   میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات  بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے۔ اللہ تعالی کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات، اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔