ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کے پہنچتے ہی بھارت میں اوچھی حرکتیں شروع، طنزیہ جملے بازی

724

نئی دہلی: پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پہنچتے ہی بھارت میں روایتی اوچھی حرکتیں شروع کردی گئی ہیں اور ٹیم یا پاکستان سے متعلق طنزیہ جملے بازی کا بازار گرم ہے۔

 

خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں روایتی حریف ہیں اور ہمیشہ سے ان کے میچ سے متعلق بھارت سے زہر اگلا جاتا رہا ہے، جس کا تسلسل حالیہ ورلڈ کپ میں بھی نظر آ رہا ہے۔ قومی ٹیم گزشتہ روز دبئی کے راستے حیدر آباد دکن پہنچی، جس کے بعد نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ بھارت کی اہم شخصیات اور کرکٹرز بھی پاکستان یا پاکستانی ٹیم سے متعلق طنزیہ جملے کستے نظر آ رہے ہیں۔

 

حالیہ واقعے میں بھارت کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر عرفان پٹھان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مہمان نوازی  سے کچھ لوگ حیران ہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ہم صرف کرکٹ میں ہی نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں بہترین میزبانی کرتے ہیں۔ عرفان پٹھان نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کے لیے آنے والی تمام ممالک کی ٹیموں کے لیے یہ ٹورنامنٹ یادگار ہوگا۔

سابق بھارتی کرکٹر کے طنزیہ ٹوئٹ کے جواب میں صارفین نے بھی انہیں آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے یاد کروایا کہ  ان کا مہمان نوازی کا دعویٰ غیر حقیقی اور محض دکھاوے کے  سوا کچھ نہیں۔ ایک صارف نے عرفان پٹھان کو یاد دلایا کہ پاکستانی ٹیم کے حیدر آباد پہنچنے پر وہاں پاکستانی چاچا بشیر نے استقبال کے لیے ائرپورٹ پر پاکستانی جھنڈا لیے نعرے لگائے، جسے بھارتی سیکورٹی اہل کاروں نے جھنڈا لہرانے سے روک دیا تھا۔

 

ایک اور صارف نے عرفان پٹھان کو آئینہ دکھاتے ہوئے  کہا کہ بھارت اگر ایشیا کپ کے لیے آتا تو وہ ہماری مہمان نوازی بھی دیکھ لیتا۔

ایک اور صارف نے عرفان پٹھان کی یادداشت کو جگاتے ہوئے کہا کہ آپ شاید کراچی کا وہ ٹیسٹ میچ بھول گئے جب آپ نے ہیٹرک کی تھی تو وہاں موجود شائقین نے آپ کو کتنی داد دی تھی۔ صارف نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ آپ اتنے زہریلے کیوں ہو جاتے ہیں۔