راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے۔ آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکا کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔
فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔