اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے انکم ٹیکس کمشنر کے ٹیکس اختیار سے متعلق نظرثانی کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کو اپنے تمام آرڈرز اور نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر ڈالنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر کی نظرثانی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر شفاف نہیں ہوگا تو عوام کو ٹیکس ادائیگی پر کیسے آمادہ کرے گا؟ ایف بی آر اپنے آرڈرز چھپا کر کیوں رکھتا ہے؟
دوران سماعت چیف جسٹس نے عدالتی وقت کے ضیاع پر ایف بی آر پر 10ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکس وصولی کے سب سے بڑے ادارے کو شفاف ہونا چاہئے، یہ کیس عدالت کا وقت ضائع کرنے کی کلاسک مثال ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ سپریم کورٹ کے حکمنامے کی کاپی کمشنر ایف بی آر اور تمام ڈائریکٹرز و دیگر حکام کو بھی بھجوائی جائے۔