راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و استحکام کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف نے کہا کہ فوج کے پی کے کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معیشت کے فروغ کی رفتار بڑھائی جا سکے۔
اجلاس میں آرمی چیف کو منشیات اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے انسداد کے لیے کی گئی کارروائیوں کے علاوہ ملکی سیکورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ ایپکس اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک تھے۔
صوبائی ایپکس کمیٹی کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔ شرکا نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جب کہ آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔