کراچی:(نوید احمد جتوئی) جامعہ کراچی (کے یو) میں اساتذہ کی جاری ہڑتال میں شام اور صبح کی شفٹوں میں کلاسوں کے بائیکاٹ کے باعث طلبہ کو مسلسل 10ویں روز بھی مشکلات سے دو چار ہونا پڑا ،کورسز مکمل نا ہونے سے امتحانات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
رباب عامر جو شعبہ انگلش میں دوسرے سال کی طالب علم ہیں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم کم و بیش ہر سمسٹر میں ہڑتال کی توقع کرتے ہیں، جب سے ہم نے یونیورسٹی میں شمولیت اختیار کی ہے تب سے یہ سب ہو رہے ہیں۔ جب کہ ہمیں اپنے اساتذہ سے ہمدردی ہے۔ اور انتظامیہ کے اقدامات کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، ہم ہر سمسٹر میں اپنی پڑھائی کو اتنا نقصان پہنچانے سے پریشان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان بڑے خلاء کی وجہ سے ایک بار ہڑتالیں ختم ہونے کے بعد، ہمیں امتحان کے وقت سے پہلے اپنے کورسز کو مکمل کرنے اور امتحانات کی تیاری کرنے کے لئے بڑی مشکلات کا سامنا ہے ،جس کا مطلب ہے کہ ہمیں آدھی تعلیم بھی نہیں مل رہی جس کے لیے ہم نے فیسوں کی ادائیگی کی ہے۔ یہ سیاسی طور پر فعال حکومت میں تعلیم حاصل کرنے کی ایک بڑی خرابی ہے۔
دوسری جانب کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی (KUTS) نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے رواں ماہ کے شروع میں کلاسز کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
مزید یہ کہ مستقل فیکلٹی ممبران کو ابھی تک صوبائی حکومت کے بجٹ میں چار ماہ قبل اعلان کردہ انکریمنٹ ملنا باقی ہے۔ سوسائٹی نے کہا کہ 22 ستمبر سے شروع ہونے والی یہ مہم غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
کے یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ اساتذہ کو مذاکرات کے لیے بلایا گیا تھا تاہم وہ اجلاس میں نہیں آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اساتذہ کو بھی آج ایک میٹنگ کے لیے مدعو کیا جائے گا۔”
دریں اثنا، KUTS نے کہا کہ انتظامیہ نے اساتذہ کو براہ راست مذاکرات کے لیے نہیں بلایا۔
ان کے مطالبات کے مطابق جامعہ کراچی انتظامیہ نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے اساتذہ کی فیس ختم کردی۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اس سے یونیورسٹی کے مالی خسارے میں مزید اضافہ ہوگا۔
کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ کو اب ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ، انرولمنٹ، سمسٹر امتحان، تھیسس ایویلیوایشن اور ویوا امتحان کی فیس کی ادائیگی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی سے ایم فل کرنے والے طلبہ کو 3 لاکھ 32 ہزار روپے جبکہ پی ایچ ڈی کی فیس 4 لاکھ 7 ہزار روپے تھی۔