چین میں ایشین گیمز کے افتتاح کی شان دار تقریب

724

بیجنگ: چین میں ایشین گیمز کے افتتاح کی شان دار تقریب ہوئی، جس میں مجموعی طور پر 45 ملکوں کے ہزاروں ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق 19 ویں ایشین گیمز کی رنگارنگ تقریب میگا ایونٹ کے افتتاح کے لیے منعقد کی گئی، جس میں چینی صدر شی جن پنگ بھی موجود تھے۔ ایشین گیمز میں 45 ممالک کے 12 ہزار سے زیادہ ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔

تقریب کا انعقاد چینی شہر ہنگ ژو میں ہوا، جس میں صدر شی جن پنگ کے علاوہ کچھ دیگر ممالک کے سربراہان بھی اسٹیڈیم میں مدعو تھے۔ واضح رہے کہ ہنگ ژو اولمپک اسپورٹس سینٹر اسٹیڈیم میں تقریباً 80 ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔

میگا ایونٹ کے دوران 56 مختلف وینیوز پر کل 481 ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا، ان گیمز میں 45 ملکوں کے 12 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اپنی کارکردگی دکھائیں گے۔

ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں مصنوعی ذہانت اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے، علاوہ ازیں افتتاح کی مناسبت سے ڈیجیٹل فائر ورکس (آتش بازی) کا مظاہرہ کرتے ہوئے چینی ثقافت کو اجاگر کیا گیا تھا۔

چین میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے، جس کے ارکان کی تعداد 262 ہے، جس میں 137 مرد اور 53 خواتین ایتھلیٹس کے علاوہ کچھ ٹیم آفیشلز بھی شامل ہیں۔

پاکستان سے ایشین گیمز میں اپنی کارکردگی منوانے کے لیے جانے والے ایتھلیٹس میں کرکٹ، ہاکی، پیراکی، بیڈمنٹن اور  ووشو سمیت 25 مختلف شعبوں کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ایونٹ میں مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ پاکستان سے جانے والی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر پاکستانی دستے کے قائد ہیں۔