اسلام آباد:چوہدری شجاعت سے سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق آ صف زرداری موجودہ سیاسی حالات اور ( ن) لیگ کے طرز عمل پر سخت پریشان ہیں اس حوالے سے مستقبل کے سیاسی سیٹ اپ کے لیے کیسے آگے بڑھنا ہے کے لئے چوہدری شجاعت سے مشورہ مانگ لیا۔
آصف زرداری نے شکوہ کیا کہ (ن )لیگ حکومتی اتحاد کے وقت کیے گئے اپنے تمام وعدو ں سے پیچھے ہٹ گئی ہے (ن) لیگ نے ہم سے مستقبل کے سیٹ اپ پر بھی ایک ساتھ چلنے کا وعدہ کیا تھا جو پورا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا اوراس وعدے کے خواجہ ،سعد رفیق ، ایاز صادق اور رانا ثناء اللہ گواہ ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری نے شکوہ کیا کہ اب احساس ہورہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو واقعی دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اسی وجہ سے بلاول اور دیگر رہنما لیول پلینگ فیلڈ نہ ملنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مقتدرہ کے بعض لوگوں نے بھی کچھ وعدے کیے تھے ان کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری صاحب آپ سے سیاسی اتحاد اور ذاتی تعلق اسی طرح رہے گا انتخابات میں بھی آپ کے ساتھ مل کر چلیں گے سندھ میں ٹارگٹڈ کاروائیوں سے پیپلز پارٹی کی پوزیشن خراب کی جا رہی ہے سندھ میں ن لیگ کا پیپلز پارٹی مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب رحجان ہے مجھ پر پارٹی کی جانب سے واضح پوزیشن لینے کا دباو ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت نے آصف زرداری سے کہا کہ حکومتی اتحاد کے کئے گئے وعدے پورے ہونے چاہیے شہباز شریف پاکستان آئیں گے تو ان سے بھی ملاقات میں یہ معاملہ ضرور اٹھائوں گا فی الحال آپ تیل اور تیل کی دھار دیکھیں چوہدری شجاعت نے آصف زرداری کو نواز شریف سے بات کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔