پاکستان اور ایران کو مل کر دنیا میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہو گا، سراج الحق

465
safe future

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پاک ایران تعلقات باہمی محبت،اخوت اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، دونوں پڑوسی اسلامی ممالک عوام کی خوشحالی اور خطے میں امن کے لیے کوششیں تیز کریں،  پاکستان اور ایران کو مل کر دنیا میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

سراج الحق سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے منصورہ میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

سراج الحق نے ایران اور سعودی عرب میں تعلقات کی بحالی کو خوش آئند قرار اور اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امت متحد ہو کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کر سکتی ہے۔انہوں نے ایران کے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف کی بھی تحسین کی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے دونوں ممالک مل کر عالمی سطح پر جاندار کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی سی کے پلیٹ فارم کو امت کی ترجمانی کے لیے بھر پور طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی سفیر نے اتحاد امت کے لیے امیرجماعت اسلامی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرتی رہیں گی۔