اسلام آباد:احتساب عدالتوں میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف مختلف نیب ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان سے نیب ترامیم کالعدم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ نیب کے تفتیشی افسران کی جانب سے جمعہ کومزید 18 ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کروا دیا گیا۔ 80ریفرنسز میں سے 44کا ریکارڈ اب تک احتساب عدالتوں میں جمع کروایا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا ریکارڈ جمع کرایا جا چکا ہے،راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروا دیا گیا ہے،آصف زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کرایا گیا ہے۔
نیب کے تفتیشی افسران نے تینوں ریفرنسز اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 3میں جمع کروائے۔احتساب عدالت کے حکام کی جانب سے جمع کروائے گئے نیب ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 15ستمبر کو سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری دن آخری کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی کئی شقیں کالعدم قرار دے دی تھیں۔
سپریم کورٹ نے 50کروڑ روپے کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کر دئیے تھے اور تمام کیسز احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتِ عظمی کے حکم پر ملک بھر کی احتساب عدالتوں کو نیب کی جانب سے ریفرنسز واپس بھیجے جا رہے ہیں۔