کراچی: عدالت عظمیٰ نے سندھ کے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبائی محکمہ تعلیم میں 56 بھرتیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ کو انکوائری کمیٹی بنانے اور اسامیوں کے امیدواروں کی قابلیت جانچنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کے جسٹس محمد علی مظہر نے سندھ کے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے حوالے سے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری سندھ 10 روز میں انکوائری کمیٹی بنائیں، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم اور ڈپٹی سیکرٹری قانون کو بھی شامل کیا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ انکوائری کمیٹی 56 درخواست گزاروں کو نوٹس جاری کرے اور طلب کرکے ان کے تقرر کا عمل جانچنے کے علاوہ ذاتی شنوائی کا موقع دیا جائے۔ 56 درخواست گزاروں میں سے جو قواعد و ضوابط پر پورا اترتے ہوں، ان کا امتحان لیا جائے اور کامیاب ہونے والوں کو لیٹر جاری کیا جائے۔
عدالت عظمیٰ کے تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ غلط اور غیر قانونی طریقوں سے بھرتی ہونے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس سلسلے میں کمیٹی 90 روز میں انکوائری مکمل کرے اور جو ملازمین پہلے بھرتی ہوکر کام کر چکے ہیں، ان کی تنخواہوں سے متعلق فیصلہ کمیٹی کرے۔