اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے بلوں سے ستائے عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں ہوں گے۔
نگراں وزیراعظم اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرنے کے لیے نیو یارک پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہمارے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم توانائی کے شعبے میں اصلاحات لارہے ہیں امید ہے آنے والے دنوں میں بجلی کے بل زیادہ نہیں آئیں گے، آئی پی پیز سے معاہدے ایسے ہوئے ہیں کہ بجلی بنے یا نہ بنے ادائیگی کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مظالم کا شکار ہیں اس مسئلے کو آج عالمی سطح پر پیش کریں گے، حکومتوں سے قطع نظر مسئلہ کشمیر کے معاملے میں عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے۔