شہباز شریف اور مریم نواز آج لندن روانہ ہوں گے

764

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز آج جمعرات کے روز لندن کیلیے روانہ ہوں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی بنیادوں پر لندن روانہ ہورہے ہیں جب کہ مریم نواز کی روانگی شیڈول تھی اور وہ صبح 4 بج کر 50 منٹ پر لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہوں گی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مریم نواز لندن میں اپنی بیٹی کے داخلے کے لیے جا رہی ہیں جب کہ وہ اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی تفصیلی ملاقات کر کے انہیں وطن واپسی کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کریں گی۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر کو نواز شریف نے طلب کیا ہے جس پر وہ ہنگامی بنیادوں پر جمعرات کو لندن روانہ ہوں گے۔ سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی لندن روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نواز شریف نے اہم مشاورت کے لیے طلب کیا ہے اور وہ جلد وطن واپس آجائیں گے۔

شہباز شریف جمعرات کو صبح ساڑھے 9 بجے لاہور سے براستہ دوحا غیرملکی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف لندن میں ایک ماہ قیام کے بعد دو روز قبل ہی وطن واپس پہنچے تھے۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے گھر آمد اور دونوں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں رہنماوں کی لندن روانگی، پارٹی قائد کے وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں اور قانون معاملات پر گفتگو کی گئی۔