کراچی : احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال سمیت دیگر کے خلاف نیب ریفرنس واپس پہنچا دیے گئے ہیں۔
نیب قوانین میں ترامیم کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد احتساب عدالت سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجا گیا تھا، اس کے علاوہ ڈاکٹر عاصم حسین، ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال، سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب شیخ، ایم کیو ایم رہنما رف صدیقی کا ریفرنس بھی واپس بھیجا گیا تھا۔
سابق سیکرٹری بدر جمیل میندھرو اور سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس سمیت دیگرکے ریفرنس بھی واپس بھیجے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت کو شاہد خاقان عباسی، ڈاکٹر عاصم حسین اور رؤف صدیقی سمیت دیگر افراد کے ریفرنس دوبارہ موصول ہو گئے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کے خلاف ریفرنس واپس نیب کورٹ کو موصول ہو گیا ہے۔
عبدالحفیظ شیخ کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کے لیے سافٹ ویئر کی تیاری کی مد میں کرپشن لینے کا الزام ہے۔