امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کردیا

614

دوحا: امریکا اور ایران کی جانب سے قطر کی ثالثی میں ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق قطر کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت ایران نے 5 قیدیوں کو امریکا سے آئے ہوئے طیارے میں دوحا کے لیے روانہ کردیا۔  ایران نے امریکا کے 5 شہریوں کی رہائی کے بدلے 6 ارب ڈالر کا فائدہ اُٹھایا جب کہ امریکا نے بھی 5 ایرانی قیدیوں مہرداد معین انصاری، کمبیز عطار کاشانی، رضا سرہنگ پور کافرانی، امین حسن زادہ اور کاوے افراسیابی کو رہا کردیا۔

جیسے ہی ایران سے امریکی قیدیوں کو لے کر طیارے نے قطر کے لیے اُڑان بھری۔ ایران کے جنوبی کوریا میں منجمد 6 ارب ڈالر کی رقم بحال کردی گئی۔ اب یہ رقم جنوبی کوریا سے دوحا کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوگئی جہاں معاہدے کے تحت قطر اس رقم کے انسانی بنیادوں پر خرچ کرنے کو یقینی بنائے گا۔

اُدھر امریکا نے جن 5 ایرانی قیدیوں کو رہا کیا ان میں سے صرف 2 دوحا پہنچے ہیں جو جلد ایران آئیں گے جب کہ 2 نے امریکا ہی میں رہنے کو ترجیح دی اور ایک اپنے خاندان کے ساتھ کسی تیسرے ملک جائیں گے۔