جنوبی افریقا نے آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دیدی

1692

جوہانسبرگ: جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میچ میں 112 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز تین دو سے جیت لی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی افریقا کی  ٹیم 0-2 کے نقصان کے بعد مسلسل 3 میچز جیت کر سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقی بلے باز ایڈن مارکرم نے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر نے 63، مورکو جانسن نے 47 اور اینڈائل پھیخلوکوائیو نے 39 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 34.1 اوورز میں 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مارنس لبوشین نے 44 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مورکو جانسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیشو مہاراج نے 4 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین لوٹایا۔ مورکو جانسن کو بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ایڈن مارکرم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔