نگراں وزیر اعظم حکومت میں آتے ہی عوام کا خون چوسنے لگے، سراج الحق

435

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ حکومت میں آتے ہی عوام کا خون چوسنے لگے،مولانا نے عوام کے خلاف دھرنے اور احتجاج کیا لیکن جب حکومت میں آئے تو سب بھول گئے۔

سراج الحق نے کہاکہ  نگراں وزیر اعظم نے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ، جس کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کررہے ہیں،شدید مہنگائی میں عوام کے لیے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو گیا، نوجوان بے روزگار، بچے اسکولوں سے باہر، ہر پانچواں شخص ڈپریشن کا شکار، روزانہ خودکشیاں ہو رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ دنیا میں پاکستان کا قومی نشان پہلے چاند ستارہ اب کشکول بن چکا ہے، بھارت چاند پر پہنچ گیا، ہم آٹے اور بجلی کی تلاش میں ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ اگر بستیوں کے لوگ ایمان لاتے اور تقویٰ کی روش اختیار کرتے تو ہم تو ان کے لیے آسمان سے رحمتوں اور برکتوں کے دروازے کھولتے۔

انہوں نے کہاکہ  آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی اور ان معاہدوں کے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے، جماعت اسلامی آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف سپریم کورٹ جائے گی۔ امید کرتا ہوں کہ عوامی مطالبات پورے ہوں گے، اگر ایسا نہ ہوا تو جماعت اسلامی کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں، ہم پرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل سے نوازا، اسے آزادی دی، ایٹمی طاقت بنایا، یہاں 65فیصد باصلاحیت نوجوان، سونا اگلتی زمینیں، معدنیات، ساحل سمندر، چار موسم ہیں، ملک میں 25کھرب ڈالر کا کوئلہ موجود ہے، 105کھرب کیوبک فٹ گیس، صرف پانی، ہوا اور سورج سے لاکھوں میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے، مگر نااہل حکمرانوں نے آئی پی پیز سے مہنگے معاہدے کیے اور کمیشن کھایا۔ دوفیصد حکمران اشرافیہ 98فیصد عوام کے وسائل پر قابض ہے، کرپٹ ٹولہ اور سیاسی پنڈتوں کی وجہ سے عدالتی نظام تباہ ہوا، احتساب ختم، تعلیم و صحت کا نظام درہم برہم اور ہر گھر میں قیامت برپا ہے۔