کے فورمنصوبے کی لاگت بڑھ کر 270 ارب روپے ہوگئی ، میئر کراچی

507
Sindh government

کراچی:مئیر کراچی وکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چئیرمین مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کو اضافی پانی کے منصوبے کے فور کی لاگت بڑھ کر 270 ارب روپے ہوگئی ہے۔

2007 سے ابتک 5مرتبہ منصوبے کا افتتاح کیا گیا اور آخری مرتبہ گزشتہ سال سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

پیپلزپارٹی کے چئیرمین سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی موجودگی میں منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔

کے فور کو مکمل کرنے میں وفاقی حکومت کا 50 فیصد فنڈ فراہم کرنے کا وعدہ ہے ،وہ اتوار کو نائن مائل کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر ڈپٹی مئیر سلمان عبداللہ مراد ودیگر بھی موجود تھے۔

مئیر کراچی نے کہا کہ کے فور پر کام شروع ہوچکا ہے،توقع ہے کہ آئندہ سال 2024 کے آخر میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔

شہر میں پانی چور اور ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کے بارے میں مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ شہر میں قانونی طور پر 7 ہائیڈرنٹس کام کررہے ہیں،جبکہ غیر قانونی 150 ہائیڈرنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے،پانی چوروں کے خلاف 70 مقدمات درج ہوئے ہیں اور 75 افراد کو گرفتار کیا گیا ان میں کوئی سیاسی آدمی یا واٹر سیوریج کا ملازم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی چوروں کے خلاف قانون بن چکا ہے،جس کے بعد ملوث ملزمان کو 5 سال قید اور 50 لاکھ جرمانہ کیا جاسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہرمیں چلنے والے 630 واٹر ٹینکر پر ٹریکر سسٹم ایف آر آئی لگا دیا گیا ہے جس کے بعد ہر ٹینکر کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ جو 7 ہائیڈرنٹس چل رہے ہیں ان پر میٹر لگا ئے جارہے ہیں،تاکہ ہمیں معلوم ہوسکے کہ کس ہائیڈنٹ پر کتنا پانی استعمال ہوا ۔