لاہور:جاوید میانداد نے 1986 میں بھارت کے خلاف آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میچ کی آخری گیند پر چھکا وسیم اکرم کے بلے سے لگایا ، جاوید میانداد اس چلے کو 10 بار نیلام کر چکے لیکن وسیم اکرم کو و اپس نہیں دیا۔
ون ڈے کرکٹ کا ذکر ہو اور 1986 میں بھارت کے خلاف آسٹریلیشیا کپ کے فائنل میچ کی آخری گیند پر جاوید میانداد کے لگائے جانے والے تاریخی چھکے کا ذکر نہ ہو یہ کیسے ممکن ہے۔ یہ ایسا میچ تھا جس نے کرکٹ کی تاریخ کا دھارا پلٹ دیا اور بھارت پر پاکستان کا ایسا رعب بیٹھا کہ آئندہ 15 برسوں پر ون ڈے میں قومی ٹیم کا اپنے روایتی حریف کے مقابل پلڑا بھاری رہا۔
کچھ عرصہ قبل منظر عام پر آنے والی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی خود نوشت سلطان: اے میموئیر میں سابق فاسٹ بولر نے انکشاف کیا کہ ہے 1986 میں جاوید میانداد نے جس بلے سے چھکا لگایا وہ ان کا یعنی وسیم اکرم کا تھا۔
وسیم اکرم نے اس حوالے سے لکھا کہ ہے میچ کے سنسنی خیز مرحلے میں آخری اوور سے قبل میانداد کو لمبے بلیڈ والے بلے کی ضرورت محسوس ہوئی اور یہ بلا اس وقت وسیم اکرم کے پاس ہی تھا سو انہیں یہ بلا تھما دیا گیا۔
سوئنگ کے سلطان نے آگے یہ بھی لکھا کہ یہ بلا پھر مجھے واپس نہیں ملا، اب تو جاوید میانداد اسے 10 بار نیلام بھی کرچکے ہوں گے۔