جامعہ کراچی کے اساتذہ کا واجبات کی عدم ادائیگی پر ایوننگ پروگرام کے بائیکاٹ کا اعلان

582
admissions

کراچی: انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اساتذہ کے ایوننگ بلز کی عدم ادائیگی پر ایوننگ پروگرام کے غیر معینہ مدت کے لیے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

 سیکریٹری انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر فیضان نقوی کے جاری کردہ پیغام کے مطابق انجمن اساتذہ نے اساتذہ کے ایوننگ بلز کی ادائیگی کے لیے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ملاقات کی جس میں ایوننگ پروگرام کے بلز کی عدم ادائیگی پر توجہ دلوائی گئی۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی نے موقف اختیار کیا کہ اگر آپ لوگوں کو ایوننگ پروگرام کی ادائیگیاں نہیں ہورہی ہیں تو آپ پڑھا کیوں رہے ہیں؟ وائس چانسلر کی جانب سے ایوننگ پروگرام کی ادائیگیاں کروانے کے بجائے خود اساتذہ کو بائیکاٹ کا مشورہ دیا گیا جس پر آج انجمن اساتذہ جامعہ کا ہنگامی اجلاس صدر ڈاکٹر صالحہ رحمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ایوننگ پروگرام کے مشاہروں کی طویل مدت سے عدم ادائیگی اور وائس چانسلر کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ و جارحانہ رویہ اختیار کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ کل بروز منگل 14 ستمبر 2023 سے ایوننگ پروگرام کی کلاسسز کے غیر معینہ مدت کے بائیکاٹ کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کا ایوننگ پروگرام سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عبد الوہاب کے دور میں شروع کیا گیا جس کا مقصد جامعہ کراچی کے اساتذہ کو جامعہ کراچی سے باہر تدریس سے روکنا، جامعہ کراچی  کی مالی حالت میں بہتری اور آمدن سے شعبہ جات کی حالت کو بہتر بنانا تھا۔

 اس کے لیے ایوننگ و صبح کے پروگرام کے اکاؤنٹس علیحدہ علیحدہ تھے تاہم جامعہ کراچی کی انتظامی و مالی ابتری کی وجہ سے اب اساتذہ کو نہ صرف تنخواہوں کی مکمل ادائیگی ممکن نہیں بلکہ ایوننگ پروگرام کے بلز بھی طویل عرصے سے ادا نہیں کیے جارہے ہیں۔