بھارت میں جان لیوا وائرس کا انکشاف، کوئی دوا یا ویکسین بھی موجود نہیں

596

نئی دہلی: بھارت میں ایک نئے جان لیوا وائرس کا انکشاف ہو اہے، جس کی تاحال نہ کوئی دوا دستیاب ہے اور نہ ہی ویکسین۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں سامنے آنے والے نئے وائرس کو نیپا وائرس کہا جا رہا ہے، جس سے متاثرہ 2 افراد کی ہلاکت کے بعد حکومت کی جانب سے باقاعدہ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں ہونے والی 2 ہلاکتوں میں سے ایک  متاثرہ شخص ستمبر کے آغاز میں اس وائرس کا شکار بنا جب کہ دوسری ہلاکت گزشتہ ماہ 30 اگست کو ہوئی تھی۔ نیپا وائرس  سے متاثر ہوکر ہلاک  ہونے والے دونوں بھارتیوں کے ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا میں 2018ء سے اب تک یہ جان لیوا وائرس 4 انسانی جانیں نگل چکا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق نیپا جانوروں سے لگنے والا ایک وائرس ہے جب کہ وائرس مضر کھانوں اور متاثرہ شخص سے بھی لگتا ہے۔ کبھی وائرس میں مبتلا شخص میں اس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں تاہم کبھی متاثرہ شخص کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، یہ وائرس دماغ کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وائرس کے نتیجے میں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے جب کہ فی الحال اس کی کوئی دوا یا ویکسین موجود نہیں ہے۔