مٹھی بھر عناصر کو گلگت بلتستان کا امن خراب نہیں کرنے دینگے، نگراں وزیراعظم

396

گلگت بلتستان :نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ “مٹھی بھر عناصر” کو گلگت بلتستان کے امن و امان کی صورتحال کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گلگت میں کارڈیالوجی ہسپتال میں شعبہ بیرونی مریضوں کی خدمات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ان کا کہنا تھا کہ حقوق کے احترام کو نافذ کرنے کی ذمہ داری ریاست کی ہے، اور یقین دلایا کہ ایسا ہر قیمت پر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کسی کو بھی ہمارے معاشرے، اقدار اور ثقافت میں بھائی چارے کو بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے اختلافات ہیں تو ان کو حکمت کے ذریعے دور کیا جائے گا ۔

عبوری وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی ادارے کو ملکی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں ہے،کاکڑ نے یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت طویل المدتی پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے خطے کی اقتصادی صلاحیت کو مختلف شعبوں بشمول سیاحت، کان کنی اور معدنیات اور بجلی کی پیداوار میں بروئے کار لانے کے لیے کوشاں ہے۔ خطے میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔‘‘

میڈیا رپورٹس کےمطابق وزیر اعظم کاکڑ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ،50بستروں پر مشتمل ہسپتال میں ایمرجنسی کیئر، ایک انتہائی نگہداشت یونٹ، بچوں کا وارڈ، کارڈیک سرجری، اور علاج کے حصے شامل ہیں۔ بتایا گیا کہ ہسپتال جون 2024 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔