لاہور: آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز سے ملاقات کی۔
مریم نواز نے جاتی امرا آمد پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا۔ اہم ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مثبت، تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں۔ قدرتی آفات سمیت ہر مشکل میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے، مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت لائیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
مریم نواز نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
آسٹریلیوی ہائی کمشنر نے ملاقات اور مہمان نوازی کے لئے مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی قیادت اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔