کراچی (رپورٹ: حماد حسین) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے مسلح افراد کی جانب سے اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر معروف بن رؤف کو لوٹے جانے کے 3 دن گزرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کسی پیشرفت کے نہ ہونے پر اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ SHO سائٹ سپر ہائی وے تھانہ اور SSP East سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے ساتھ مسروقہ سامان جلد از جلد برآمد کیا جائے۔
سیکرٹری انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر فیضان الحسن نقوی نے کہا کہ آج کی اس معاشی کساد بازاری میں اساتذہ انتہائی مشکل سے اپنے روزگار سے حاصل شدہ آمدن کے ذریعے اپنا گھر چلاتے ہیں۔ وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر سنجیدگی سے اس طرح کے واقعات اس وقت مزید تکلیف دہ ہوجاتے ہیں کہ جب لوٹا گیا سامان بھی بازیاب نہیں کروایا جاتا۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص SSP East سے مطالبہ کیا اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ فوری کارروائی کرتے ہوئے مسروقہ سامان برآمد کر کے ملزمان کو پابند سلاسل کیا جائے ۔