اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کا 21 اکتوبر کو پاکستان میں فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق اعلان شہباز شریف نے کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ وطن واپسی پر ان کا شان دار استقبال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کے اس اعلان سے قبل لیگی رہنما کئی بار نواز شریف کی واپسی سے متعلق بیانات دے چکے ہیں جب کہ اس سلسلے میں مختلف شیڈول بھی سامنے آ چکے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق نواز شریف پاکستان واپس آنے کے بعد اپنے مقدمات کے سلسلے میں قانون کا سامنا کریں گے اور ساتھ ہی وہ انتخابی مہم کی بھی قیادت کریں گے۔
قبل ازیں نواز شریف کی واپسی سے متعلق میڈیا پر پارٹی ذرائع کے حوالے سے خبر تھی کہ سابق وزیراعظم پہلے شیڈول کے تحت لندن سے اسلام آباد پہنچیں گے اور وہاں سے ایک ریلی کی صورت میں لاہور آئیں گے۔ دوسرے مجوزہ شیڈول کے مطابق نواز شریف لاہور میں اتریں گے اور ریلی کی صورت میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ پارٹی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کے سلسلے میں ضمانت مل چکی ہے۔