اسلام آباد:سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت مقرر کیے جانے سے متعلق کیس میں لاہور ہائی کورٹ کو کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
سپریم کورٹ میں چینی کی قیمتیں مقرر کیے جانے سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت شوگر ملز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ میں کیس 20 ستمبر کو مقرر ہے۔
ایڈشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے چینی کی قیمتوں کے تعین پر حکم امتناع دیا تھا، ہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ ہیکہ چینی کی قیمتوں کا تعین وفاق کا اختیار ہے،لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کسی نے چیلنج نہیں کیا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ہائی کورٹ میں ابھی معاملہ زیر التوا ہے تو اس پر فیصلہ کیسے کر دیں؟ پہلے لاہور ہائی کورٹ کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے دیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ چینی کی قیمت 98 روپے مقرر ہے اور شوگر ملز مالکان 200 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کو حکم دے رہے ہیں کہ 20 ستمبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے فیصلہ کرے، کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔