گلگت:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام عناصر کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔
نگراں وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو آئی ٹی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع بالخصوص دیامر اور استور کے اضلاع میں تعلیم کے شعبے کے کئی مسائل کی بروقت نشاندہی اور موثر حل کئے جا چکے ہیں، تعلیمی شعبے میں لئے گئے اقدامات میں طلبا کو غذا کی فراہمی کے پروگرام، تعلیمی عمارتوں کی از سرنو تعمیر اور شکستہ حال عمارتوں کی بحالی، اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سمارٹ سکولوں کی تعمیر وغیرہ سر فہرست ہیں۔