اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنحسین نے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس پریس ونگ کی جا نب سے جاری خبر کے مطابق اہم ملاقات میں نگراں وفاقی وزیرِ خرانہ شماد اختر بھی شریک تھیں۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کے پسماندہ علاقوں بالخصوص بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کی ترقی کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن کرے۔ عالمی بینک نے 2022ء کے تاریخی سیلاب میں متاثرہ لوگوں کی مدد اور بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔ متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی کے کام کو جلد مکمل کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن انتظامی مدد فراہم کرے گی۔
ناجے بنحسین نے وزیرِ اعظم کو عالمی بینک کے بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں اور جنیوا میں عالمی بنک کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لیے اعلان کی گئی امدادی رقم کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔