سوئی ناردرن کا گیس چوری کیخلاف آپریشن، کنکشن منقطع، مقدمات، گرفتاریاں

534

لاہور: سوئی ناردرن کی جانب سے گیس چوری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ مقدمات درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کے جی ایم لاہور بلال اصغر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گیس چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اس دوران گیس چوری میں ملوث 45 صارفین کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جب کہ جعلی میٹر لگا کر گیس چوری کرنے والے 21 صارفین کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 45 ٹیمیں گیس چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی  میں مصروف ہیں۔ اس دوران ڈائریکٹ بائی پاس لگا کر گیس چوری کرنے والے 10 افراد کو پکڑ لیا گیا۔ 180 ٹمپرڈ میٹر تبدیل، 3 کمرشل صارفین کے کنکشن منقطع کردیے گئے۔

جی ایم لاہور سوئی ناردرن کا کہنا تھا کہ ایک ارب 45 کروڑ روپے گیس کی بچت کی گئی۔  گیس کے لاسز 2 فی صد کمی سے 10 فی صد سے کم ہیں۔ غیر قانونی طور پر دوسرے گھروں کو گیس سپلائی کرنے والے 72 افراد کے کنکشن منقطع کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 66 ملین کیوبک فٹ گیس چوری ہو رہی تھی۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائنوں میں پانی کو روکنے اور لائنیں تبدیل کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس وقت گھریلو صارفین کو 3 اوقات اور باقی سب کو 24 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ گیس پریشر کے لیے کمپریسر استعمال کرنے والے 240 صارفین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے 305 صارفین کے خلاف کارروائی کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 3 ہزار 403 مشتبہ کمرشل اور 35 ہزار 607 مشتبہ گھریلو میٹرز کو تبدیل کیا گیا ہے۔ گھریلو کنکشن کو کمرشل استعمال کرنے والے 102 صارفین کے خلاف کارروائی  شروع کردی گئی ہے۔ اس دوران 16 کروڑ روپے کی گیس چوری پکڑی گئی ہے۔

جی ایم سوئی ناردرن کا کہنا تھا کہ  سردیوں میں صارفین کو گیس فراہم کی جائے گی۔