جہانگیر ترین کی جانب سے قصور کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکج کا اعلان

346

قصور:پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر ترین نے قصور کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کردیا ۔

پیر کو جہانگیر ترین نے قصور میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور قصور کے 1 ہزار سیلاب متاثرہ گھرانوں کے لیے راشن تقسیم کیا گیا ۔آئی پی پی صدر عبدالعلیم خان نے بھی قصور کے سیلاب متاثرین کے لئے 10 لاکھ دینے کا اعلان کیا ۔جہانگیر ترین نے آئی پی پی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات کرنل(ر)ہاشم ڈوگر کی درخواست پر قصور میں سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان کیا۔ جہانگیر ترین کے ہمراہ دیگر قائدین اسحاق خاکوانی، سعید اکبر نوانی، عون چوہدری، ملک نعمان لنگڑیال، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر ترین نے کہا کہ میں آج پہلی بار یہاں آیا ہوں مجھے ہاشم ڈوگر نے بہت دھیمے لہجے میں کہا کہ ہمارے بھی علاقے میں سیلاب آیا ہے جس درد سے انہوں نے بات کی اس درد کی وجہ سے میں یہاں آیا ہوں اور درد آپ لوگوں کا تھا۔دل کی گہرائی سے وہ بات میں نے لی اور سوچا کہ یہ وہی دریا ہے جو میرے علاقے لودھراں کی طرف جاتا ہے اور لودھراں میں بھی اسی طرح اس نے تباہی مچائی۔

انہوں نے کہا یہاں قصور میں کوئی مدد کرنے والا نہیں ہے ہم نے جو پارٹی بنائی ہے اس کا مقصد یہی ہے کہ سب سے پہلے سیاست اور اپنا نہیں نہ ہی سرکاری افسرکا سوچیں بلکہ سب سے پہلے عوام کا سوچیں۔ یہ ہمارا ملک بڑا وسیع ملک ہے اور طاقت ور ملک بن سکتا ہے اگر ہر انسان کے پاس پیسے کمانے کا موقع ہو اس کو اچھی نوکری ملے‘ بچوں کی دیکھ بھال کرسکے‘ تمام سہولیات جو حکومت دے سکتی ہے وہ عوام تک پہنچیں یہ عوام کا حق ہے۔ یہ مانگنے کی چیز نہیں ہے یہ چھیننے کی چیز ہے۔