آسٹریلوی شہری سائیکل پر پاکستان پہنچ گیا

1488

اسلام آباد: آسٹریلوی شہری سائیکل پر طویل سفر کرکے پاکستان پہنچ گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق آسٹریلوی شہری گزشتہ برس مئی میں آسٹریلیا سے سائیکل پر روانہ ہوا تھا، جو  کہ اب واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ چکا ہے۔

ڈیوڈ مک کورٹ آسٹریلیا سے روانگی کے بعد پاک بھارت راہداری واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوا۔ اس سے قبل سائیکل پر طویل سفر کا شوقین آسٹریلوی شہری ڈیوڈ انڈونیشیا، تھائی لینڈ، بھارت، ملائیشیا، بنگلادیش اور  نیپال  بھی جا چکا ہے۔

ڈیوڈ سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ اب تک ایک ہزار 800 کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے کر چکے ہیں۔ پاکستان پہنچنے کے بعد ڈیوڈ ایک ماہ یہیں قیام کریں گے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں سیر و تفریح کریں گے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سائیکلسٹ ڈیوڈ پاکستان کے بعد چین، تاجکستان، کرغزستان اور یورپ سے ہوتے ہوئے آئرلینڈ تک جائیں گے۔ ڈیوڈ کے ہمراہ انڈونیشیا سے سائیکل پر سفر کرنے والا سائیکلسٹ بھی موجود ہے۔