کراچی: شہر قائد میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ لائن ٹرپ ہونے سے کے الیکٹرک کے 10 سے زائد گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے اور 400 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ محدود علاقوں سے بجلی فراہمی میں تعطل کی اطلاع ملی تھی، کے الیکٹرک کا سسٹم مستحکم ہے، تمام گریڈ اسٹیشن مکمل فعال ہیں، عارضی تعطل کو فوری بحال کردیا گیا ہے۔
فیڈرز ٹرپ ہونے سے گلشن اقبال، گلستان جوہر، گڈاپ، بلدیہ، نارتھ ناظم آباد، ولیکا، سائٹ ایریا، شادمان ٹاؤن، میمن گوٹھ، ماڈل کالونی اور سعودآباد میں بجلی غائب ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے شہری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور گیس کی بندش پر سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹائر جلائے۔ مظاہرین نے لیاقت آباد سے گرومندر جانے اور آنے والی سڑکیں بند کردی تھیں۔